(لاہور نیوز) محفوظ پنجاب، محفوظ پاکستان کے تحت ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر اور بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ کے دوران ون وے کی خلاف ورزی پر 18 ہزار سے زائد شہریوں کے چالان کئے گئے ہیں، جبکہ گزشتہ دو ہفتوں میں اوور سپیڈنگ کرنے والی 8 ہزار سے زائد گاڑیوں کو بھاری جرمانے کئے گئے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں اور قانون کے سخت نفاذ کے باعث گزشتہ تین ماہ میں جان لیوا حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اوور سپیڈنگ اور ون وے کی خلاف ورزی کو روکنے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور صوبے بھر میں ان خلاف ورزیوں پر کوئی رعایت نہیں دی جا رہی۔
محمد وقاص نذیر نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا چند سیکنڈز کی جلدی کی خاطر اپنی اور دوسروں کی زندگی کو داؤ پر نہ لگائیں، تیز رفتاری اور ون وے کی خلاف ورزی خودکشی کے مترادف ہے۔
