(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے تحت پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا سب سے بڑا سروے جاری ہے جس کا مقصد متاثرین کی مکمل تفصیلات جمع کرنا اور فوری طور پر امداد فراہم کرنا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق سروے کے عمل میں اب تک 55 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اس دوران 3 لاکھ 48 ہزار متاثرین کی تفصیلات جمع کی جا چکی ہیں۔
سروے کے دوران 9 لاکھ 88 ہزار ایکڑ سیلاب سے متاثرہ اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ ایک لاکھ سے زائد مکانات کا ڈیٹا بھی جمع کر لیا گیا ہے جن میں مکمل طور پر متاثر اور جزوی طور پر متاثر مکانات شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی سروے ٹیموں نے مختلف اضلاع سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق 7,162 ہلاک مویشیوں کا ڈیٹا بھی جمع کیا ہے جو سیلاب سے متاثر ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ ٹیمیں گھر گھر جا کر سروے کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی متاثرہ فرد کو امداد سے محروم نہ رکھا جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے بتایا کہ شہریوں کو سیلاب سروے کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے مساجد میں اعلانات کئے جا رہے ہیں تاکہ ہر فرد کو اس سروے کی اہمیت کا شعور ہو اور وہ اپنی معلومات فراہم کرے۔
