(لاہور نیوز) ایل ڈی اے کے ون ونڈو سیل پر انٹرنیٹ کی مسلسل بندش کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سسٹم کی خرابی کی وجہ سے درخواست دہندگان کی درخواستیں جمع نہیں ہو سکیں جس سے این او سی، نقشہ منظوری اور کمرشل فیس کی درخواستوں میں رکاوٹ آ گئی ہے۔
دھندلا نظام اور انٹرنیٹ کی سست رفتاری نے شہریوں کو کئی گھنٹوں تک سروس حاصل کرنے سے روک دیا، جس کے نتیجے میں درجنوں شہری مایوس ہو کر واپس لوٹنے پر مجبور ہوئے، اس سے قبل گزشتہ روز بھی متعدد درخواستیں مکمل طور پر جمع نہ ہو سکیں۔
آج صبح سے ہی ایل ڈی اے کے ون ونڈو سیل پر سسٹم کے بار بار بند ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں، درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ چالان فارم اور دیگر خدمات کے حصول میں بھی شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ایل ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ انٹرنیٹ کی خرابی کے مسائل پر کام جاری ہے اور جیسے ہی انٹرنیٹ بحال ہو گا، کارروائیاں دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سسٹم میں خرابی کی وجہ سے نہ صرف ان کے قیمتی وقت کا ضیاع ہو رہا ہے بلکہ سرکاری امور میں بھی تاخیر ہو رہی ہے، جس سے ان کے روزمرہ کے کام متاثر ہو رہے ہیں۔
ایل ڈی اے کی انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جلد ہی انٹرنیٹ کی بحالی کے بعد تمام سروسز معمول کے مطابق فراہم کی جائیں گی۔
