(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے قدرتی دودھ کے نام پر جعلی اور مضر صحت دودھ کی ترسیل کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے علی الصبح خانکی موڑ اور ملتان روڈ پر کریک ڈاؤن کیا جس کے دوران 6,800 لٹر جعلی دودھ تلف کر دیا گیا، اس کارروائی میں دو سپلائر ٹینکرز، سات ڈرم، تین پلنجر اور چھ سٹیل کین ضبط کئے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ دودھ کے نمونوں کے موقع پر کئے گئے ٹیسٹوں میں ملاوٹ پائی گئی تھی جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی، تلف کردہ دودھ میں پاؤڈر، پانی کی ملاوٹ اور قدرتی چکنائی کی کمی پائی گئی، یہ ناقص دودھ لاہور کی مارکیٹ میں سپلائی کیا جا رہا تھا جس سے عوام کی صحت کو سنگین خطرات لاحق تھے۔
عاصم جاوید نے مزید کہا کہ ملاوٹی دودھ کا استعمال معدہ، جگر اور آنتوں کو شدید متاثر کر سکتا ہے جو کہ ایک سنگین عوامی صحت کا مسئلہ بن سکتا ہے، انہوں نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیمیں مسلسل دودھ اور دیگر خوراکی اشیاء کی چیکنگ کر رہی ہیں تاکہ معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
