(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے میں سٹیٹ آف دی آرٹ تشخیصی لیب بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت تمام ضروری میڈیکل ٹیسٹ ایک ہی جگہ پر دستیاب ہوں گے جس سے مریضوں کو بہترین اور فوری خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ، سی اینڈ ڈبلیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور صوبائی وزیر کو اس منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ملک صہیب احمد بھرتھ کو بتایا گیا کہ اس 14 منزلہ تشخیصی لیب کا منصوبہ جلد مکمل کیا جائے گا، جس میں تمام قسم کے میڈیکل ٹیسٹوں کی سہولت ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائے گی، جدید ترین مشینری کی مدد سے تمام ٹیسٹوں کی سہولت میسر ہو گی تاکہ مریضوں کو کسی بھی قسم کی پیچیدگی سے بچایا جا سکے۔
صوبائی وزیر نے اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے جیل روڑ پر اس سٹیٹ آف دی آرٹ تشخیصی لیب کا قیام فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت دی ہے، انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز کو جلد فائل ورک مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جلد ہی جگہ کی نشاندہی کر کے کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔
