لاہور: رواں سال 376 موٹرسائیکلیں گن پوائنٹ پر چھینی گئیں، 8 ہزار سے زائد چوری
(لاہور نیوز) شہر لاہور میں موٹر سائیکل چھیننے اور چرانے کی وارداتیں کم نہ ہو سکیں، گن پوائنٹ پر ڈاکوؤں نے مختلف علاقوں سے 376 موٹرسائیکلیں چھین لیں جبکہ 8 ہزار 383 موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں صدر ڈویژن 97 مقدمات کے ساتھ سر فہرست رہا، ماڈل ٹاؤن ڈویژن موٹر سائیکل چھیننے کی 90 وارداتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، سٹی ڈویژن موٹر سائیکل چھیننے کے 72 مقدمات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، کینٹ ڈویژن سے 66، سول لائنز ڈویژن سے 26 موٹر سائیکلیں اسلحہ کی نوک پر چھینی گئیں جبکہ اقبال ٹاؤن ڈویژن میں گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل چھیننے کے 25 مقدمات درج ہوئے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ماڈل ٹاؤن ڈویژن 1680 مقدمات کے ساتھ سر فہرست رہا، صدر ڈویژن موٹر سائیکل چوری کی 1667 وارداتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، کینٹ ڈویژن موٹر سائیکل چوری کے 1642 مقدمات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
سٹی ڈویژن سے 1460، اقبال ٹاؤن ڈویژن سے 1036 موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں، سول لائنز ڈویژن میں رواں سال کے دوران موٹر سائیکل چوری کے 898 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔
