(لاہور نیوز) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت مینارٹی کارڈز پروگرام فیز ٹو سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ، ڈپٹی سیکرٹری عائشہ یاسین، بینک آف پنجاب، پنجاب آئی ٹی بورڈ (PITB)، پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی (PSPA) اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ فیز ٹو کے تمام مراحل 30 نومبر تک مکمل کئے جائیں اور اس عمل میں 100 فیصد شفافیت یقینی بنائی جائے، انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی روابط کو مزید مؤثر بنانے کی تاکید بھی کی۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر مینارٹی کارڈز کی تعداد 50 ہزار سے بڑھا کر 75 ہزار کر دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیز ٹو کیلئے اب تک 1 لاکھ 14 ہزار 920 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، پنجاب آئی ٹی بورڈ نے یہ تمام ڈیٹا پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کو فارورڈ کر دیا ہے جہاں سے اسے نادرا اور دیگر اداروں سے تصدیق کرنے کے بعد متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو بھیجا جائے گا۔
اجلاس کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ فیز ون کے 46 ہزار 441 افراد کی بائیومیٹرک تصدیق مکمل کی جا چکی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مینارٹی کارڈز پروگرام نہ صرف تاریخی اہمیت کا حامل ہے بلکہ یہ اقلیتوں کیلئے سماجی تحفظ کی حقیقی ضمانت بھی ہے، حکومت پنجاب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
