(لاہور نیوز) پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس جمع کروانے کیلئے دی گئی پانچ فیصد رعایت کا فائدہ اٹھانے کے خواہشمند شہریوں کیلئے 30 ستمبر آخری تاریخ ہے۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے شہریوں کو رعایت سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ 30 ستمبر تک ٹیکس جمع کروا کر پانچ فیصد کی بچت کی جا سکتی ہے۔
تمام دفاتر ہفتے کے آخری دنوں میں عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اتوار کے روز بھی کھلے رہیں گے، شہری ایکسائز کے دفاتر میں قائم بینک بوتھ کے ذریعے اتوار کو بھی ٹیکس کی ادائیگی کر سکتے ہیں۔
ایکسائز حکام کے مطابق تمام افسران اور عملے کو ٹیکس گزاروں کی رہنمائی اور تعاون کیلئے دفاتر میں موجود رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ بڑے ٹیکس گزاروں سے براہ راست رابطے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ وقت پر ٹیکس کی ادائیگی نہ صرف شہری ذمہ داری ہے بلکہ اس سے صوبے کی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں بھی مدد ملتی ہے۔
