پاکستان کو دنیا بھر میں جو عزت مقام مل رہا ہے اسکی وجہ صدر آصف علی زرداری ہیں، گورنر پنجاب
(لاہور نیوز) پی پی 163 پیپلز پارٹی ورکرز کنونشن سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کمزور طبقے کی پارٹی ہے، پاکستان کو دنیا بھر میں جو عزت مقام مل رہا ہے اسکی وجہ صدر آصف علی زرداری ہیں۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا 8 اکتوبر کو گورنر ہاؤس میں محفل میلاد کا انعقاد کیا جائے گا،تمام عاشقانِ رسول کو محفل میلاد میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔
گورنر پنجاب نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی کمزور طبقے کی پارٹی ہے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو غریب کی خاطر پھانسی کی پھندے پر لٹک گئے۔حقیقی لیڈرشپ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔محترمہ بے نظیر بھٹو شہید آمرانہ دور میں پاکستان تشریف لائیں اور سر میں گولی کھائی۔آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے سب سے بڑے لیڈر ہیں، بطور صدر آصف علی زرداری نے تمام اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کئے۔آصف علی زرداری نے اختیار پارلیمنٹ کو دیا جس سے جمہوریت مضبوط ہوئی۔
سردار سلیم حیدر نے کہا ہم آج فخر سے کہتے ہیں کہ ہم نے اپنے سے بڑے دشمن کو شکست دی۔چائنہ کے دئیے ہوئے ہتھیاروں سے ہم نے انڈیا کو ناک آؤٹ کیا۔آصف علی زرداری ہی وہ لیڈر ہیں جنہوں نے چائنہ کے ساتھ تعلقات مضبوط کئے۔آج دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستان ایک بڑی اٹیمی قوت ہے۔پاکستان کو دنیا بھر میں جو عزت مقام مل رہا ہے اسکی وجہ صدر آصف علی زرداری ہیں۔
انہوں نے کہا بلاول بھٹو زرداری نے مودی کو گجرات کا قصائی کہا جس کے بعد پوری دنیا میں اسے قصائی کہا گیا، بلاول بھٹو زرداری نے اکیلے پوری دنیا میں پاکستان کا مقدمہ لڑا۔اس سے قبل دنیا صرف بھارت کی بات سنتی تھی مگر اب ایسا نہیں ہوا۔
پیپلز پارٹی نے غریبوں کو زمین کا مالک بنایا۔پیپلز پارٹی نے غریب مزدوروں کو کارخانوں کا حصہ دار بنایا۔آج ملک میں غریب اور کسان رو رہا ہے کسانوں کو انکی محنت کا صلہ نہیں مل رہا۔
