(لاہور نیوز) کرنسی مارکیٹ میں اس ہفتے روپے کی قدر میں معمولی بہتری دیکھی گئی جس سے صارفین اور تجارتی حلقوں میں کچھ راحت آئی۔
انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں مختلف غیر ملکی کرنسیوں کی قیمتوں میں معمولی اتار چڑھاؤ آیا، رپورٹ کے مطابق اس ہفتے انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 9 پیسے کم ہوئی، جو 281 روپے 55 پیسے سے کم ہو کر 281 روپے 46 پیسے پر بند ہوئی۔
ادھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 10 پیسے کمی ہوئی، جس سے اس کی قیمت 282 روپے 50 پیسے ہو گئی، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں فرق 1 روپے 4 پیسے تک محدود ہو گیا، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں کم ہے۔
اس کے علاوہ یورو کی قیمت میں 16 پیسے کا اضافہ ہوا جس سے اس کی قیمت 335 روپے 5 پیسے ہو گئی، برطانوی پاؤنڈ کی قیمت 1.23 روپے سستی ہوئی اور یہ 386 روپے 32 پیسے پر بند ہوا، یو اے ای درہم 26 پیسے سستا ہو کر 77 روپے 88 پیسے کا ہو گیا، سعودی ریال میں 21 پیسے کی کمی آئی جس سے اس کی قیمت 75 روپے 82 پیسے ہو گئی۔
