(لاہور نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے خلاف اکتوبر سے سخت کارروائیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر 30 ستمبر تک انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والوں کی فہرست تیار کر رہا ہے جس کے بعد ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
ایف بی آر نے دولت کی نمائش کرنے والے نان فائلرز سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی تفصیلات نادرا سے حاصل کی ہیں، ان تفصیلات میں بینک اکاؤنٹس، اخراجات، بیرون ملک سفر، کریڈٹ اور اے ٹی ایم کارڈ کی معلومات شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر میں مانیٹرنگ کے ذریعے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے سٹارز کا ڈیٹا چیک کیا جائے گا تاکہ ان کے غیر قانونی اثاثوں اور آمدنی کو ٹریک کیا جا سکے۔
ایف بی آر کے حکام نے واضح کیا کہ مہنگی گاڑیوں، گھروں، کپڑوں، جیولری اور دیگر قیمتی اشیاء کی نمائش کرنے والے نان فائلرز کو گرفت میں لایا جائے گا، یہ کارروائیاں ملک میں ٹیکس کی شکایت کو کم کرنے اور غیر ٹیکس فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے کی جا رہی ہیں۔
