(لاہور نیوز) ایم ڈی کیٹ 2025 کیلئے ایک لاکھ 40 ہزار 71 امیدواروں کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے۔
ترجمان پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2025 امتحان 26 اکتوبر کو ہو گا، سیلاب متاثرہ سٹوڈنٹس کے پیش نظر امتحان کی تاریخ 5 سے 26 اکتوبر کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب سے سب سے زیادہ 50 ہزار 443 امیدوار رجسٹر ہوۓ ہیں جبکہ خیبرپختونخوا سے 39 ہزار 964 اور سندھ سے 33 ہزار 160 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، اسکے علاوہ بلوچستان سے 10 ہزار 278 امیدوار ایم ڈی کیٹ میں شریک ہوں گے۔
ترجمان پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے 1146 آزاد کشمیر سے 3322 اور گلگت بلتستان سے 1564 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔ ریاض، سعودی عرب میں بھی 194 امیدوار امتحان دیں گے، ایم ڈی کیٹ امتحان صوبائی جامعات کے ذریعے منعقد ہو گا، یکساں نصاب اور سوالات کا بینک پی ایم اینڈ ڈی سی نے تیار کیا۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ نقل یا پیپر لیک کی کوشش سختی سے روکی جائے، امیدوار صرف یونیورسٹیز اور پی ایم ڈی سی ہدایات پر عمل کریں، امیدوار امتحان کے حوالے سے افواہوں سے بچیں۔
