(لاہور نیوز) شہر بھر میں سبزیاں اور پھل سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگے داموں فروخت ہونے لگے۔
تازہ سرکاری ریٹ لسٹ میں 4 سبزیوں اور 1 پھل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، تاہم مارکیٹ میں تقریباً تمام اشیاء مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں۔
سبزی منڈی، پوش علاقوں اور گلی محلوں میں نرخ الگ الگ وصول کئے جا رہے ہیں، پیاز کی سرکاری قیمت 80 روپے فی کلو ہے، مگر فروخت 120 روپے تک ہو رہے ہیں، اسی طرح ٹماٹر 125 کے بجائے 180، لہسن 290 کے بجائے 440، ادرک 470 کے بجائے 600 روپے تک فروخت کئے جا رہے ہیں۔
لیموں، ٹینڈے، آلو، کھیرا، کریلے، پالک، بند گوبھی، پھول گوبھی، بھنڈی، شملہ مرچ، گاجر، گھیا توری سمیت بیشتر سبزیاں سرکاری نرخوں سے 40 سے 80 فیصد مہنگی فروخت ہو رہی ہیں۔
پھلوں کی صورتحال بھی مختلف نہیں، سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق سیب 305 روپے کلو، کیلا (درجہ اول) 210 روپے درجن، مسمی 180 روپے درجن اور آڑو 310 روپے کلو مقرر ہیں، لیکن مارکیٹ میں یہ پھل بالترتیب 420، 250، 280 اور 400 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔
درجہ اول کے پھل پوش علاقوں میں منہ مانگے داموں دستیاب ہیں، جبکہ پسماندہ علاقوں میں مکس معیار کے پھل بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں۔
عوامی شکایات کے باوجود متعلقہ ادارے قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں اور مہنگائی کا بوجھ براہ راست شہریوں پر پڑ رہا ہے۔
