(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے میں خواتین کے سب سے بڑے سپورٹس ایونٹ "کھیلتا پنجاب پنک گیمز" کو رواں سال نومبر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس حوالے سے اہم اجلاس صوبائی وزیر کھیل کی زیر صدارت ہوا جس میں ایونٹ کی تیاریوں، دائرہ کار اور دیگر انتظامی امور پر غور کیا گیا، اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس مظفر خان سیال، ڈی جی خضر افضال چوہدری، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ سلیمان ملک اور سپورٹس کوآرڈینیٹر ملک انوش کھوکھر نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر کھیل نے ہدایت دی کہ پنک گیمز کی تیاریوں میں تاخیر نہ کی جائے اور بروقت انتظامات کو یقینی بنایا جائے، اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنک گیمز میں صوبے بھر سے تقریباً 3000 خواتین کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے جن میں سکول اور کالج کی 21 سال سے کم عمر طالبات بھی شامل ہوں گی، کھیلوں کے مقابلے چار روز تک جاری رہیں گے اور ان میں 17 مختلف کھیلوں کو شامل کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر کھیل نے اعلان کیا کہ پنک گیمز میں ایک کروڑ روپے سے زائد کے کیش انعامات دیئے جائیں گے، اس کے علاوہ شاندار افتتاحی اور اختتامی تقاریب کا بھی انعقاد کیا جائے گا تاکہ ایونٹ کو ایک یادگار اور تاریخی حیثیت دی جا سکے۔
