(لاہور نیوز) وفاقی حکومت نے نجی سیکٹر سے بجلی کی خریداری کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں لیسکو سمیت تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے تجاویز طلب کر لی گئی ہیں تاکہ سسٹم چارجز کی مد میں ادائیگیوں کا طریقہ کار طے کیا جا سکے۔
نجی شعبے سے خریدی گئی بجلی صارفین کو فراہم کرنے کے لئے لیسکو کا سسٹم استعمال ہو گا، جس کے استعمال پر چارجز طے کرنے کے لئے نیپرا میں باضابطہ درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔
نیپرا نے لیسکو سمیت تمام کمپنیوں کی درخواستوں پر سماعت 18 ستمبر کو مقرر کی ہے۔
لیسکو نے اپنی درخواست میں تین تجاویز پیش کی ہیں جن میں صارف کے منظور شدہ لوڈ پر فی کلو واٹ کے حساب سے چارجز، استعمال شدہ یونٹس پر فی یونٹ چارجز اور ہائبرڈ ماڈل کی بنیاد پر چارجز طے کرنا ہے۔
سسٹم چارجز کی منظوری کے بعد بڑے صنعتی صارفین نجی شعبے سے براہ راست بجلی خرید سکیں گے، جس سے قومی گرڈ پر بوجھ میں واضح کمی واقع ہو گی۔
