جان بوجھ کر گندم روکنے اور ناجائز منافع کمانے کی اجازت نہیں دیں گے: عظمی بخاری
(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر گندم روکنے اور ناجائز منافع کمانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
پنجاب اسمبلی میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف گندم اور آٹے کی قیمتوں پر مسلسل فکرمند رہتی ہیں، صوبے میں گندم کی کوئی کمی نہیں، مگر کچھ عناصر سیلاب جیسی آفت کو منافع کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں، تمام فلور ملز مالکان، آڑھتیوں اور متعلقہ افراد کو تین دن کا وقت دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے گندم کے سٹاک رجسٹر کروائیں ورنہ قانون حرکت میں آئے گا۔
وزیراطلاعات پنجاب نے بتایا کہ خانیوال میں سرکاری گندم بروقت نہ ہٹائی گئی جس کی وجہ سے وہ پانی میں بہہ گئی، اس غفلت پر ڈی جی فوڈ اور خانیوال کے تمام متعلقہ عملے کو معطل کر دیا گیا ہے، گندم کا ایک ایک دانہ عوام کی امانت ہے، مویشی اور انسان تو نکال لئے گئے مگر گندم اور آٹا کیوں نہیں؟ اس کا جوابدہ ہونا پڑے گا، حکومت نے گندم کی قیمت 3000 روپے اور روٹی کی قیمت 14 روپے مقرر کی ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے پی ٹی آئی کے انتخابی بائیکاٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا اگر بائیکاٹ ہی کرنا تھا تو پھر بیلٹ پیپر پر نام کیوں چھپوایا؟ یہ سب کچھ صرف ڈرامہ تھا، رانا ثناء اللہ بھاری اکثریت سے سینیٹر منتخب ہوں گے، ان پر سزائے موت کے مقدمات بنائے گئے، وہ سیاسی انتقام کی زندہ مثال ہیں، ن لیگ کیلئے یہ عزت کی بات ہے کہ ہم رانا صاحب کو ووٹ دے کر سینیٹ میں بھیج رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز صحافی طیب بلوچ پر ہونے والا واقعہ غنڈہ گردی اور دہشت گردی کا مظہر ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ "فساد پارٹی" ہے، ایسی حرکتیں کوئی سیاسی جماعت نہیں کرتی، اگر کوئی جماعت صحافیوں پر حملے کرے تو وہ فاشسٹ گروپ کہلائے گی، نہ کہ سیاسی جماعت۔
