(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں ناجائز ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ رات دیر گئے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز نے مختلف گوداموں پر چھاپے مارے، جن کے دوران 18 ہزار 700 بوری گندم برآمد کر کے گوداموں کو سیل کر دیا گیا۔
ترجمان پرائس کنٹرول کے مطابق قصور اور فیصل آباد میں کی گئی ان کارروائیوں کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ برآمد کی گئی گندم مہنگے داموں فروخت کرنے کے لئے ذخیرہ کی گئی تھی، حکومت پنجاب کسی صورت ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کی اجازت نہیں دے گی اور اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں روٹی اور آٹے کی قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے تاکہ عام شہریوں کو ریلیف ملے اور مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور کسی کو بھی عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
