26 Aug 2025
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے نرسنگ گریجوایٹس کیلئے اہم اور خوش آئند فیصلہ کیا ہے جس کے تحت انہیں بہتر روزگار مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
بی ایس این نرسنگ ڈگری کی حامل نرسز کی انٹرن شپ پر ماہانہ وظیفہ ملے گا، انٹرن شپ میں چارج نرس کی بنیادی تنخواہ کے برابر وظیفہ دیا جائے گا، نرسنگ گریجوایٹس کو انٹرن شپ میں وظیفہ ہیلتھ فاؤنڈیشن کے تحت دیا جائیگا، ٹیچنگ ہسپتالوں میں انٹرن شپ میں پہلی ترجیح ملحقہ سرکاری نرسنگ کالج کی گریجوایٹس کو ملے گی۔
ٹیچنگ ہسپتال و دیگر سرکاری نرسنگ کالجز کی گریجوایٹس کو انٹرن شپ کی خالی سیٹیں دے سکیں گے، بی ایس این ڈگری کے بعد ایک سالہ انٹرن شپ ہسپتال کے مختلف شعبوں میں کروائی جائے گی جبکہ نرسنگ گریجوایٹس کی عملی تربیت کیلئے ایک سالہ انٹرن شپ کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
