(لاہور نیوز) شہر بھر میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے جبکہ سرکاری ریٹ لسٹوں پر عملدرآمد صرف کاغذی حد تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔
برائلر گوشت کی قیمت میں کسی قسم کی کمی واقع نہیں ہو سکی، سرکاری نرخ کے مطابق برائلر گوشت فی کلو 595 روپے مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں یہی گوشت 700 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، فارمی انڈے دو روپے اضافے کے ساتھ 290 روپے فی درجن میں دستیاب ہیں، جس سے شہری مزید پریشان ہیں۔
سبزیوں کی قیمتیں بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، سرکاری ریٹ لسٹ میں چار مزید سبزیاں مہنگی کر دی گئی ہیں جبکہ پرچون دکانوں پر پیاز 100 روپے، ٹماٹر 120 روپے، لہسن 380 روپے اور ادرک 620 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
اس کے علاوہ پھول گوبھی، بھنڈی اور کریلے 200 روپے فی کلو میں بیچے جا رہے ہیں، جبکہ دیسی ٹینڈے 300 روپے اور شلجم 150 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔
پھلوں کی قیمتیں بھی ہوش اُڑا دینے والی سطح پر پہنچ چکی ہیں، سیب 420 روپے، گرما 220 روپے اور آڑو 400 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں، آم اور خوبانی 380 روپے، پیپتا 600 روپے، ناشپاتی 350 روپے اور ایرانی کھجور 580 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ درجہ اول کے کیلے بھی 250 روپے فی درجن میں دستیاب ہیں۔
