وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر فساڈ ریگولیشنز پر کام کا آغاز کر دیا گیا
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر فساڈ ریگولیشنز پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا گیا۔
شہر کی کمرشل عمارتوں کے فساڈ، سائن بورڈز اور سیٹ بیک سے متعلق باقاعدہ ضابطے وضع کیے جا رہے ہیں تاکہ شہری منظرنامے کو بہتر اور منظم بنایا جا سکے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے فساڈ ریگولیشنز بارے اہم اجلاس کی صدارت کی، ڈی جی ایل ڈی اے کو فساڈ ریگولیشنز پر جلد از جلد کام مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ شہر لاہورکے تاریخی ورثہ کو ماند ہونے سے بچانا ہے،بے ہنگم فساڈ اور سائن بورڈ شہری خوبصورتی کو ماند کرتے ہیں،عمارتوں کی ساخت معیاری ،موسمیاتی اثرات برداشت کرنے کے قابل بنایا جائے گا،بلڈنگ مالکان کی سہولت کے لیے ای-فساڈ بینک بنایا جائے گا۔
اُنہو ں نے مزید کہا کہ ای-فساڈ بینک میں مالکان کی سہولت کے لیے منظور شدہ ڈیزائن فراہم کیے جائیں گے،فساڈ ریگولیشنز ٹریفک مسائل کےحل اور تعمیراتی معیار کو بھی بہتر بنائیں گے،سیٹ بیک ایریاز پارکنگ مسائل میں کمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں تاہم کمرشل عمارت مالکان کو قوانین پر عملدرآمد کیلئےمعقول وقت دیا جائے گا۔
