رنویر سنگھ کی پاکستان مخالف فلم کی شوٹنگ کے دوران پاکستانی پرچم لہرانے پر اداکارپر شدید تنقید
(ویب ڈیسک) معروف بھارتی اداکار رنویر سنگھ کوپاکستان مخالف بالی ووڈ فلم ’دھرندر‘کی شوٹنگ کے دوران پاکستانی پرچم لہرانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑگیا۔
رپورٹ کےمطابق ’دھرندر‘ کی شوٹنگ بھارتی ریاست پنجاب کے معروف شہر ’لدھیانہ‘ کے ایک گاؤں میں جاری ہے، جہاں سے شوٹنگ کے دوران کی ایک مختصر ویڈیو اور تصاویر سامنے آئیں،وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں رنویر سنگھ کو ولن جیسے روپ میں دیکھا جا سکتا ہے، انہیں لمبے بالوں اور سرمے میں سجی آنکھوں کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے،ویڈیو میں شوٹنگ کے مقام پر ایک دیوار پر پاکستانی پرچم کو دیکھا جا سکتا ہے جو ہوا کی وجہ سے لہراتا نظر آتا ہے۔
شوٹنگ سیٹ کی مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے نہ صرف فلم کی ٹیم بلکہ رنویر سنگھ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔
زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے پر دلجیت دوسانجھ کا بائیکاٹ کیا گیا، اب ایسے لوگ رنویر سنگھ کا بائیکاٹ کیوں نہیں کر رہے؟
