(لاہور نیوز) معروف بھارتی پنجابی اداکار دلجیت دوسانجھ اور پاکستان کی مقبول اداکارہ ہانیہ عامر کی پنجابی فلم 'سردار جی تھری' نے عالمی باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 420 ملین روپے کا بزنس کر لیا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ فلم کو بھارت میں ریلیز کی اجازت نہیں دی گئی، تاہم پاکستان، برطانیہ، کینیڈا، امریکہ اور دیگر ممالک میں پنجابی بولنے والی کمیونٹی نے فلم کو بھرپور پذیرائی دی۔
فلم کی کامیابی کو بعض حلقوں نے ایک مثبت پیغام قرار دیا ہے، جہاں شائقینِ فلم نے سرحدوں سے بالاتر ہو کر فنکاروں کے کام کو سراہا۔
دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی جوڑی کو مداحوں نے بے حد پسند کیا اور فلم رواں سال کی سب سے بڑی پنجابی فلم بن کر ابھری۔
سوشل میڈیا پر فلم کی کامیابی کو بھارت میں پابندی کے باوجود ایک "ثقافتی فتح" قرار دیا جا رہا ہے، ناقدین کا کہنا ہے کہ 'سردار جی تھری' کی مقبولیت نے فن، ثقافت اور ہم آہنگی کی قوت کو ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے۔
