
(لاہور نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں مون سون کے طوفانی سپیل کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہو کر رہ گیا۔
موسلادھار بارشوں کے باعث کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی بڑھ گیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے لکشمی چوک، گڑھی شاہو، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ، چوبرجی، سمن آباد، ملتان روڈ، اقبال ٹاؤن، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، کینال روڈ، اچھرہ، ماڈل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، نشتر ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ اور کاہنہ سمیت کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔
بارش کے باعث شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بادل خوب برسے، گجرات، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ، ڈسکہ، شکر گڑھ، نارووال اور حافظ آباد میں بھی شدید بارش ہوئی، جس سے پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہے گا، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور برساتی ندی نالوں سے دور رہیں۔