پنجاب بھر میں ساتویں محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے سخت انتظامات
(لاہور نیوز) ساتویں محرم الحرام کے موقع پر پنجاب بھر میں مجالس اور جلوسوں کیلئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبے بھر میں 60 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے اور اس پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے، سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کی جا رہی ہے۔
ادھر ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق جلوسوں کی نگرانی کیلئے 5 ہزار سے زائد اضافی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ تمام اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کے کیمرے بھی سیف سٹی کنٹرول رومز سے منسلک کر دیئے گئے ہیں، ان اقدامات کا مقصد سکیورٹی کو مؤثر بنانا اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت تدارک کرنا ہے۔
پنجاب بھر میں سکیورٹی ادارے، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمے مکمل الرٹ پر ہیں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تعاون کریں اور مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری اطلاع دیں تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔
