(لاہور نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے مختلف اضلاع میں فلیش فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر پنجاب ایمرجنسی سروسز اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور جیسے اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے جس سے نمٹنے کیلئے فوری اور پیشگی اقدامات ضروری ہیں۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے، جبکہ محکمہ آبپاشی، مواصلات اور ریسکیو 1122 کو برساتی نالوں اور دریاؤں کے اطراف پکنک پوائنٹس کی نشاندہی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ مون سون سیزن کے دوران ان علاقوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، مقامی سطح پر آگاہی کیلئے سائن بورڈز، مقامی میڈیا اور مساجد کے ذریعے مہم چلانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دریاؤں میں کشتیوں پر اوورلوڈنگ اور بغیر لائف جیکٹس کے سفر پر مکمل پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں کشتی مالکان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہنگامی صورت حال میں ریسکیو اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
