(لاہور نیوز) سمن آباد کے پہلے گول چکر کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا اہلکار کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق متوفی اہلکار کی شناخت 40 سالہ خرم بھٹی کے نام سے ہوئی ہے، واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ٹرانسفارمر کی مرمت کے دوران کام کر رہا تھا، اچانک کرنٹ لگنے سے وہ موقع پر ہی بے ہوش ہو گیا۔
ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی، مگر بدقسمتی سے وہ جانبر نہ ہو سکا۔
واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا چھا گئی، جبکہ لیسکو انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بجلی سے متعلق کسی بھی خرابی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں اور خود کام کرنے سے گریز کریں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن ہو۔
