(لاہور نیوز) محرم الحرام کے موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے مجالس اور جلوسوں کیلئے مربوط سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا۔
محرم الحرام کے موقع پر لاہور پولیس نے مربوط سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا، ترجمان لاہور پولیس کے مطابق محرم کے دوران 3868 سے زائد مجالس اور 458 سے زائد عزاداری جلوسوں کو بھر پور سکیورٹی فراہم کی جائے گی، صوبائی دارالحکومت میں کیٹیگری اے کی 457، کیٹیگری بی کی2610 اور کیٹیگری سی کی 801 مجالس منعقد ہوں گی۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق کیٹیگری اے کے 17، کیٹیگری بی کے74 اور کیٹیگری سی کے3 جلوس منعقدہوں گے، ان مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی, محرم الحرام سے متعلق حکومتی ایس او پیزپرمن و عن عملدرآمدکروایا جائے گا۔
لاؤڈ سپیکر ایکٹ، مجالس و جلوسوں کے اوقات کار اور روٹس کی پابندی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈکٹیٹرز سمیت دیگر جدید آلات و ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔
ڈولفن سکواڈ، پیرو، اینٹی رائٹ فورس اور ٹریفک پولیس سمیت تمام فیلڈ فارمیشنز محرم ڈیوٹی پر مامور ہوں گی، خواتین عزاداروں کی سکیورٹی اور چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکارفرائض سر انجام دیں گی۔
ترجمان لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس کی سکیورٹی کیمروں سے 24 گھنٹے مسلسل نگرانی کی جائے گی، پولیس افسران علما ء کرام اور منتظمین مجالس و جلوس سے مسلسل رابطے میں رہیں۔
