(لاہور نیوز) مہنگائی پر قابو پانے کی تمام حکومتی کوششیں ناکام دکھائی دے رہی ہیں، روزمرہ استعمال کی سبزیاں اور پھل عام شہری کی قوتِ خرید سے باہر نکلتے جا رہے ہیں۔
سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق چار اہم سبزیوں کے نرخوں میں اضافہ ہوا ہے، ٹماٹر 100 روپے فی کلو، لہسن 350، ادرک 620 اور سبز مرچ 150 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہیں، دیگر سبزیوں میں میتھی 160، بینگن 100، کریلے 120 اور پھول گوبھی 150 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔
پھلوں کی قیمتیں بھی بلند سطح پر برقرار ہیں، درجہ اول کے کیلے 230 جبکہ درجہ دوم کے کیلے 180 روپے فی درجن میں فروخت ہو رہے ہیں، آڑو 320، جامن 420، سندھڑی آم 270 اور خوبانی 340 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔
برائلر گوشت کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی ہے، فی کلو برائلر گوشت 7 روپے سستا ہو کر 403 روپے پر آ گیا ہے، زندہ برائلر کی قیمت میں 5 روپے کی کمی دیکھنے میں آئی، ہول سیل ریٹ 264 جبکہ پرچون بازار میں 278 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔
انڈوں کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، فی درجن انڈے 244 روپے پر برقرار ہیں، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی 7,200 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کو صرف نرخ نامے جاری کرنے کے بجائے عملی اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ مہنگائی پر واقعی قابو پایا جا سکے۔
