(لاہور نیوز) سی سی ڈی کیساتھ مقابلے میں شاہ گینگ کے مزید دو اشتہاری ہلاک ہو گئے۔
دہشت کی علامت سمجھے جانے والے شاہ گینگ کے خلاف سی سی ڈی کا آپریشن جاری ہے، سی سی ڈی نے اشتہاریوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر گوجرہ کے نواحی علاقے میں چھاپہ مارا، اشتہاریوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جو تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی۔
فائرنگ رکنے پر سی سی ڈی کو سرچ آپریشن میں دو ملزمان زخمی حالت میں ملے، ملزمان کے دیگر ساتھی فائرنگ کے دوران موقع سے فرار ہو چکے تھے۔
زخمی ملزمان ہسپتال منتقلی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے، محمد وقاص اور انعام الحق عرف فوجی کا تعلق دہشت کی علامت شاہ گینگ سے تھا۔
ملزمان قتل، ڈاکے، راہزنی ، بھتہ سمیت درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب اشتہاری تھے، شاہ گینگ کے 4 سرغنہ گزشتہ دنوں پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سی سی ڈی کا پنجاب بھر میں مفرور اشتہاریوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، مفرور اشتہاریوں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ سی سی ڈی کے سامنے ہتھیار ڈال دیں، سی سی ڈی ہتھیار ڈالنے والوں کے انسانی اور قانون حقوق کی حفاظت کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔
