21 Jun 2025
(لاہور نیوز) محرم الحرام کے موقع پر 9 اور 10 محرم کو عوام کی سہولت کیلئے لگائی جانے والی سبیلوں کے قیام اور انتظام کے حوالے سے قواعد و ضوابط جاری کر دیئے گئے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب احمد جاوید قاضی نے اس ضمن میں صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا۔
مراسلے کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں سبیلیں قائم کی جائیں گی تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ضوابط کے تحت غیر تصدیق شدہ مشروبات یا کھانے پینے کی اشیا سبیلوں پر رکھنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔
سیکرٹری داخلہ نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام اضلاع کی انتظامیہ ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی پر فوری کارروائی کی جائے۔
