(لاہور نیوز) شہر میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی اور زہریلی فضا کے باعث پنجاب حکومت نے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے ایک اہم قدم اٹھا لیا۔
حکومتی دستاویزات کے مطابق 200 سے زائد گرین ایریاز کی نشاندہی کر لی گئی ہے جنہیں آئندہ چند ماہ میں ترقی دی جائے گی، 65 ایسے علاقے جو ٹریفک چوکنگ پوائنٹس سمجھے جاتے ہیں، وہاں خصوصی طور پر شجرکاری کی جائے گی تاکہ دھوئیں اور زہریلی گیسوں کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
منصوبے کے تحت گرین ایریا ڈویلپمنٹ پر مجموعی طور پر 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر خرچ کئے جائیں گے، اس منصوبے میں بین الاقوامی اداروں کی فنڈنگ شامل ہے جبکہ پنجاب حکومت خود بھی اس منصوبے میں 10 فیصد فنڈنگ فراہم کرے گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف شہر کے ماحولیاتی معیار کو بہتر بنائے گا بلکہ شہریوں کی صحت پر بھی مثبت اثرات ڈالے گا، منصوبے کے تحت مقامی درختوں کی اقسام لگائی جائیں گی تاکہ ماحول دوست اور پائیدار سبزہ اگایا جا سکے۔
