(لاہور نیوز) گلشن راوی کے علاقے میں چوری کی ایک انوکھی واردات سامنے آئی جہاں چور پرانی موٹرسائیکل چھوڑ کر شہری کی نئی موٹرسائیکل لے اُڑا۔
تفصیلات کے مطابق گلشن راوی کے رہائشی شہری نے موٹرسائیکل چوری ہونے پر فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کی، کال موصول ہوتے ہی ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مشکوک حرکات کی ٹریسنگ شروع کی۔
ویڈیو فوٹیج میں دیکھا گیا کہ دو موٹرسائیکل سوار ملزمان پارکنگ میں آئے، لاک توڑ کر شہری کی نئی موٹرسائیکل چرا لی، جبکہ اپنی پہلے سے چوری شدہ پرانی موٹرسائیکل وہیں چھوڑ گئے۔
سیف سٹی کے ترجمان کے مطابق کیمروں کی مدد سے ملزمان کو جلد شناخت کر کے پولیس نے کارروائی کی اور موٹرسائیکل چور کو گرفتار کر لیا، سیف سٹی کیمروں کی بدولت نہ صرف جرائم کی فوری نشاندہی ممکن ہو رہی ہے بلکہ ملزمان کی گرفتاری بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
ترجمان سیف سٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ایمرجنسی کی صورت میں فوراً 15 پر کال کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
