(لاہور نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 199.372 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر لیں اور ان کارروائیوں میں 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق یہ چھ آپریشنز اسلام آباد، لاہور، کراچی، راولپنڈی اور کوئٹہ میں کئے گئے، کارروائیوں کے دوران 100 کلوگرام ہیروئن، 80 کلوگرام مارفین، 13.2 کلوگرام چرس، 3 کلوگرام آئس (کرسٹل میتھ)، 2.218 کلوگرام افیون، 70 گرام ویڈ (بھنگ) برآمد ہوئی ہیں۔
اے این ایف کے مطابق ایک گرفتار ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتا رہا ہے، تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ترجمان اے این ایف کا کہنا تھا کہ اے این ایف ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔
