13 Jun 2025
(لاہور نیوز) نگران دورِ حکومت میں تعمیر کیے گئے لاہور کے 16 نئے پولیس سٹیشنز تاحال فنڈز کی کمی کے باعث فعال نہیں ہو سکے ہیں۔
بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے رواں مالی سال میں تھانوں کو لاہور پولیس کے حوالے کیے جانا تھا، فرنیچر و دیگر اخراجات کیلئے پولیس نے آئی جی آفس سے 16 کروڑ روپےکا بجٹ مانگا تھا۔
آئی جی آفس کی جانب سے تھانوں کیلئے 90 فیصد بجٹ پر کٹ لگا دیا گیا جبکہ لاہور پولیس کو 16 تھانوں کے فرنیچر کیلئے 16 لاکھ کے فنڈز دیئے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق فنڈز کی کمی کے باعث لاہور کے سمن آباد، ملت پارک، نواں کوٹ اور شیراکوٹ سمیت 16 تھانوں کی بلڈنگز مکمل ہونے کے باوجود انہیں فعال نہیں کیا جا سکا ہے تاہم آئندہ مالی سال میں ملنے والے فنڈز سے تھانوں کو مکمل فعال کر دیا جائےگا۔
