(لاہور نیوز) پنجاب میں سیف سٹی اتھارٹی کے زیراہتمام پاکستان کا پہلا ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی قائم کر دیا گیا۔
میرا پیار کے پروفیشنل ماہرین کی ٹیم گم شدہ افراد کی تلاش، ورثے سے رابطے اور تصدیق پر مامور ہوگی۔ ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی نا صرف گم شدہ بچوں بلکہ ضعیف العمر بزرگوں کو گھر واپس لانے کیلئے موثر ثابت ہوگی۔
بچے یا ضعیف العمر عزیز واقارب کی گمشدگی کی صورت میں ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی سے آسان ترین رابطے کا سسٹم تشکیل دیا گیا ہے۔ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے 3 کا بٹن دبا کر ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی سے فوری رابطہ ممکن ہو سکے گا۔
پنجاب بھر کے شہری سیفٹی ایپ کے ذریعے بھی ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی سے رابطے کر سکتے ہیں۔ پہلی مرتبہ دیگر صوبوں کے گم شدہ بچوں اور شہریوں کے لئے خصوصی ہیلپ لائن 03090000015 بھی قائم کی گئی ہے۔
خصوصی ہیلپ لائن پر کال، وٹس اپ میسج یا ٹیسٹ میسج کے ذریعے گم شدہ بچوں سے متعلق اطلاع دینے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ ورچوئل سیفٹی سنٹر پر گم شدہ افراد کی بازیابی کیلئے 59635 سے زائد افراد کا رابطہ ممکن ہوگا۔
پنجاب کے پہلے ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی کے ذریعے 53542 گم شدہ افراد سے متعلق کیس کامیابی سے ہمکنار ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے اختراعی ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی کے ذریعے 23 ہزار سے زائد افراد گمشدگی کے بعد اپنے گھروں میں پہنچ گئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ بچے خواہ ہمارے ہوں یا کسی اور صوبے کے ہمیں سب پیارے ہیں، گمشدگی کی صورت میں ہر بچے کو خیر وعافیت سے گھر پہنچنے کی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہیں، پاکستان کے اس پہلے ورچوئل سنٹر سے ملک کا ہر شہری مستفید ہوسکتا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی انسانی ہمدردی، قومی یکجہتی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور گڈ گورننس کی کامیاب مثال ہے، بچے میری ریڈ لائن ہیں، گمشدگی کی صورت میں والدین کے دکھ کو سمجھ سکتی ہوں، گمشدہ بچوں کی واپسی کے لئے تمام ترریاستی وسائل استعمال میں لانے تیار ہیں۔
