
(لاہور نیوز) بیوی کو ٹوکے کے وار سے قتل کرنے والے سفاک شوہر کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں بیوی کو ٹوکے کے وار کرکے قتل کرنے والے سفاک شوہر کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے لرزہ خیز واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن صدر معظم علی کی سربراہی میں ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔
انچارج انویسٹی گیشن تھانہ گرین ٹاؤن نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تحقیقات کے مطابق ملزم نے گھریلو ناچاقی کی بنا پر اپنی بیوی نبیلہ بی بی کو ٹوکے کے وار کرکے بےدردی سے قتل کیا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے افسوسناک واقعہ پر کہا کہ خواتین و بچوں پر تشدد اور قتل جیسے گھناؤنے جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ شواہد کی روشنی میں مضبوط چالان مرتب کرکے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔