(لاہور نیوز) ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے۔
شہر کے مختلف مقامات پر عید کی نماز کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے، ماڈل ٹاؤن سینٹرل پارک میں بھی نمازعیدالاضحیٰ کا بڑا اجتماع ہوا، چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود ، صدر ماڈل ٹاؤن صاحبزادہ سیف الرحمان نے نمازعید ادا کی، قاری حافظ محمد رضوان اللہ نے نمازعید کی امامت کرائی۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد فرزندان اسلام ایک دوسرے کو گلے ملے اور عید کی مبارکباد پیش کی۔
اس کے علاوہ جامعہ نعیمیہ میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے نمازعید پڑھائی، مسجداسلام باغ جناح میں ڈاکٹر عارف رشید نے امامت کرائی، گریٹر اقبال پارک میں نمازعیدالاضحیٰ کا بڑا اجتماع ہوا، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر نے نمازعید کی امامت کرائی، جامع مسجد دربار حضرت داتا گنج بخشؒ میں مفتی رمضان سیالوی نے نمازعید پڑھائی، جامع مسجد منصورہ میں حافظ محمد ادریس نے امامت کرائی۔
نمازعید کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد ، فلسطینیوں اور کشمیریوں کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں جانور قربان کئے جا رہے ہیں، لاہور نیوز کی جانب سے لاہوریوں کو عیدالاضحیٰ کی خوشیاں مبارک ہوں۔
