(لاہور نیوز) عیدالاضحیٰ 2025 کے موقع پر لاہور پولیس نے مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا، شہر بھر میں ہزاروں اہلکار سکیورٹی پر مامور ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق 6 ایس پیز، 22 ایس ڈی پی اوز، 83 ایس ایچ اوز تعینات کئے جائیں گے، 546 اپر سب آرڈینیٹس اور 9000 سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اور ٹریفک پولیس کے 700 اہلکار جبکہ ڈولفن اور پیرو سکواڈ کے 1600 سے زائد افسران تعینات ہوں گے۔
اس کے علاوہ تمام نمازِ عید کے اجتماعات، مساجد، امام بارگاہوں پر سخت سکیورٹی ہو گی اور شہر بھر کی خصوصی نگرانی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے کی جائے گی۔
اس حوالے سے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ سے متعلق حکومتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا۔
بلال صدیق کمیانہ نے مزید ہدایت دی کہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
