03 Jun 2025
(لاہور نیوز) عید الاضحٰی میں 4 روز باقی رہ گئے، مویشی منڈیوں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا، پنجاب پولیس بھی ہائی الرٹ ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 230 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے فرائض 4000 افسران و اہلکار سر انجام دے رہے ہیں، لاہور میں 11 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی پر 1000 پولیس افسران اور جوان تعینات ہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں کے بیوپاریوں، خریدار شہریوں کی سکیورٹی کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ کے منظور کردہ پوائنٹس کے علاوہ کسی بھی جگہ مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں۔
انہوں نے کہا غیر قانونی مویشی منڈیوں، سیل پوائنٹس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، نوسر بازوں، جیب تراشوں، جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے موثر پٹرولنگ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
