مسلم لیگ ن نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور میزائل ٹیکنالوجی دی: نواز شریف
(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف ایون فیلڈ پہنچ گئے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے ایون فیلڈ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن جیتنے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، مسلم لیگ ن ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، لوگ ہم پر اعتماد کر رہے ہیں، پچھلی حکومت نے ملک کا برا حال کر دیا تھا۔
نواز شریف نے کہا کہ لوگ کام کو ووٹ دیتے ہیں اور کام کو ووٹ ملتا ہے، سیاست کے ساتھ ساتھ کام بھی ہونا چاہئے، ن لیگ نے ہی دفاع کو مضبوط بنایا اور ایٹمی دھماکے کئے تھے، ہم نے ہی چین کے ساتھ مل کر جے ایف سیونٹین تھنڈر طیارے بنائے تھے، پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی دی۔
انہوں نے کہا کہ ملک بہتر ہو رہا ہے، معیشت مضبوط ہو رہی ہے، ہمارے زمانے میں 4 سال تک روپیہ مستحکم رہا، شرح نمو 7 کو چھو رہی تھی۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے جو ملک کا حال کیا تھا مسلم لیگ بتدریج اسے بہتر بنارہی ہے، ہر چیز استحکام کی جانب واپس لوٹ رہی ہے، ملکی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔
