(لاہور نیوز) عید قرباں کی آمد آمد، صوبائی دارالحکومت میں مویشی منڈیاں سج گئیں۔
شہریوں کی بڑی تعداد نے مویشی منڈیوں کا رخ کرنا شروع کر دیا، بیوپاریوں کی جانب سے قربانی کیلئے جانوروں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، اونٹ، بھیڑ، بکرے، دونبے ، بیل ایک سے بڑھ کر ایک جانور فروخت کیلئے لائے گئے ہیں۔
بیوپاریوں اور گاہکوں کے درمیان نرخ پر بحث و تکرار بھی ہو رہی ہے، نجی فارم ہاؤسز کے مالکان نے بھی اپنے فارم ہاؤس کے جانوروں کو فروخت کے لئے پیش کر دیا ہے۔
اس موقع پر بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ ابھی منڈی شروع ہوئی ہے، گاہک آئے تو ہیں لیکن خریداری کے حوالے سے ابھی تیزی نہیں ہے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کے نرخ بہت زیادہ ہیں، مختلف منڈیوں میں پہلے گھوم پھر کر مناسب جانور کی تلاش کریں گے، ابھی عیدقربان کی آمد میں کچھ وقت باقی ہے، اس لئے ابھی گھوم پھر کر جانور دیکھ رہے ہیں۔
