27 May 2025
(لاہور نیوز) چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر سے کہیں بھی ذو الحج کے چاند کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں، یکم ذو الحج 29 مئی جبکہ عید الاضحیٰ 7 جون کو ہو گی۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیرآزاد کی زیر صدارت مرکزی اجلاس کوہسار بلڈنگ میں منعقد ہوا، جس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کے علاوہ محکمہ سپارکو، موسمیات اور دیگر محکموں کے ممبران معاونت کیلئے موجود تھے۔
دوسری جانب مرکزی اجلاس کے علاوہ کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور سمیت دیگر علاقوں میں زونل کمیٹی کے اجلاس بھی ہوئے تاہم ملک بھر سے کہیں بھی چاند کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات اور سپارکو نے دعویٰ کیا تھا کہ آج شام چاند کی عمر صرف 11 گھنٹے ہو گی، جو فلکیاتی اصولوں کے مطابق رویت کے لیے ناکافی تصور کی جاتی ہے، اسی بنیاد پر ماہرین کا کہنا تھا کہ آج چاند نظر آنے کے امکانات نہایت کم ہیں۔
خیال رہے سپارکو نے پیش گوئی کی تھی کہ یکم ذوالحج 29 مئی کو ہو گئی جو درست ثابت ہوئی۔
دوسری جانب عرب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ انڈونیشیا میں ذوالحج کا چاند نظر آ گیا، انڈونیشیا میں ذوالحج کا آغاز 28 مئی بروز بدھ سے ہو گا جبکہ عیدالاضحیٰ 6 جون 2025 کو منائی جائے گی۔
عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ برونائی دارالاسلام اور ملائیشیا میں ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا، برونائی دارالاسلام اور ملائیشیا میں عیدالاضحیٰ 7 جون 2025 کو منائی جائے گی۔
