(لاہور نیوز) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز بدھ سے شروع ہو گی۔
تینوں میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں 28، 30 مئی اور یکم جون کو کھیلے جائیں گے، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بدھ کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، تینوں میچز رات آٹھ بجے شروع ہونگے، پاکستان ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے جبکہ بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان لٹن داس ہیں۔
بنگلہ دیش ٹیم نے 2020 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے تھے جن میں سے تین پاکستان نے جیتے تھے تاہم ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ ہم نے ایک اچھا پریکٹس سیشن کیا ہے اور کھلاڑی ایک یونٹ کے طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ہمارے بہت سے کھلاڑیوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے، پی ایس ایل دنیا کے سب سے زیادہ مسابقتی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس میں سے ایک ہے، مجھے یقین ہے کہ شائقین کو اگلے چند دنوں میں سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
بنگلہ دیشی کپتان لٹن داس کا کہنا ہے کہ لاہور پہنچنے کے بعد سے ہمارا ٹریننگ سیشن اچھا رہا ہے اور لڑکے بہت تیز نظر آ رہے ہیں، ہم آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو ذہن میں رکھ کر اپنا کامبینیشن تیار کر رہے ہیں، ہر کوئی فوکسڈ ہے اور پاکستان کے چیلنج کو سمجھتا ہے، خاص طور پر ان کی ہوم کنڈیشنز میں یہ سیریز ہمارے کچھ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے آگے بڑھنے کا بہترین موقع ہے۔
