(لاہور نیوز) 73 سرکاری محکموں کی گاڑیاں ای چالان ڈیفالٹر نکلیں، ادائیگی کیلئے متعلقہ محکموں کو مراسلے ارسال کر دیئے گئے۔
سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا تھا کہ 73 سرکاری محکموں کی 3896 ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں پر کارروائی کا آغاز کیا جا چکا ہے، ان گاڑیوں کی فہرست ترتیب دے کر انکی تفصیلات متعلقہ محکموں کو فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا متعلقہ محکموں کو جرمانوں کی ادائیگی کے لئے مراسلے لکھ کر بھجوانے کا عمل شروع کیا جا چکا ہے، ای چالان ڈیفالٹر لسٹ میں پولیس کی گاڑیاں بھی شامل ہیں جن کو ادائیگی والی لسٹ میں سر فہرست رکھا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور کا مزید کہنا تھا معاشروں میں بدلاؤ اسی صورت ممکن ہے جب آغاز خود احتسابی سے کیا جائے، سرکاری گاڑیوں کے ڈرائیورز کو سڑکوں پر مثالی رویہ اپنانا ہو گا، قانون کی پاسداری کرنا ہو گی تاکہ شہری انکی تقلید کریں۔
