(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے رنگ جما دیا، شہر میں چلنے والی ٹھنڈی ہوا سے موسم دلفریب ہو گیا۔
مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، لکشمی چوک اور ریلوے سٹیشن پر بارش ہوئی، شاہدرہ، بتی چوک، بادامی باغ اور راوی روڈ میں بھی تیز بارش ہوئی، ہربنس پورہ، گڑھی شاہو، مغل پورہ میں بھی بادل کھل کر برسے۔
بارش اور تیز ہوا چلنے کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ تاحال آسمان پر بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
آج ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ کشمیر، خیبرپختونخوا، بالائی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران کہیں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
