
(لاہور نیوز) ہیٹ ویو کا خطرہ، پی ڈی ایم اے پنجاب نے محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے عارضی اور مستقل کولنگ شیلٹرز کا انتظام کرنے کی ہدایت کر دی۔
صوبے بھر کے کمشنر و ڈپٹی کمشنرز کو بھی مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی ہدایت پر جاری کردہ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ اربن سنٹرز، پبلک پارکس، کمیونٹی ہالز، یونین کونسل دفاتر اور دیگر لوکل گورنمنٹ بلڈنگز میں عارضی اور مستقل کولنگ شیلٹرز کا انتظام کیا جائے، مارکیٹس، بس سٹاپس، مذہبی عبادت گاہوں پر ہائیڈریشن پوائنٹس اور پانی کی دستیابی کے لیے انتظامات کیے جائیں، پبلک ٹوائلٹ اور ہینڈ پمپس کو فعال رکھا جائے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام میٹروپولیٹن کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیوں اور میونسپل کارپوریشنز کو ہیٹ ویو بارے اقدامات کرنے کے لیے مکمل طور پر فعال کیا جائے، واسا اور ریسکیو 1122 کے ساتھ کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی جانب سے مزید ہدایت کی گئی ہے کہ لوکل سطح پر ہیٹ ویو بارے شہریوں میں آگاہی پیدا کریں، عوامی آگاہی کے لئے سپیکرز، بینرز اور مساجد میں اعلانات کروائے جائیں، مقامی شخصیات، اساتذہ ، مذہبی رہنماؤں کی مدد سے عوامی آگاہی مہم چلائیں، یونین کونسل اور میونسپل کارپوریشن میں ہیٹ ویو بارے نمائندہ تعینات کیا جائے۔