ملک میں سو فیصد جمہوریت فیل ہو چکی، معدنیات بل ہر صورت پاس ہو گا: فیصل واوڈا
(لاہور نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ملک میں سو فیصد جمہوریت فیل ہو چکی ہے، مائنز اینڈ منرلز بل ہر صورت پاس ہو گا۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کل کے کنونشن سینٹر میں اوورسیز پاکستانیوں کا کراؤڈ چارج تھا، مجھے خوشی ہوئی کہ ہمارے پاس ایسے سپہ سالار ہیں، دکھ بھی ہوا کہ ہمارے پاس کاش کوئی جمہوری لیڈر بھی ایسا ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی کاوشوں سےپاکستان کو فائدہ ہو رہا ہے، یہ سارے بینی فٹ شہباز شریف اور ان کی پارٹی کو ہی مل رہے ہیں، جمہوریت نے ٹوٹی سڑکیں، خراب سکولز اور کالجز دیئے۔
فیصل وواڈا کا کہنا تھا کہ جو کچھ تحریک انصاف نے کیا وہ شہباز شریف نہیں کریں گے، موجودہ آرمی چیف کی قابلیت پر سب کو اتفاق ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے کہا کہ آرمی چیف ملک کو آگے لیکر جائیں گے، ملک میں چیزیں اچھی ہو رہی ہیں، تحریک انصاف کو فنڈنگ کرنے والے پاکستانی بھی کل آئے ہوئے تھے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بالکل سو فیصد جمہوریت فیل ہو چکی ہے تاہم مائنزاینڈ منرلز بل کو کسی کا باپ بھی نہیں روکے گا۔
