جے آئی ٹی میں پیش نہ ہونے پر 20 پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ

(لاہور نیوز) سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا پر جے آئی ٹی تحقیقات میں مزید پیش رفت سامنے آ گئی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے پی ٹی آئی کے 20 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی کے رہنما متعدد نوٹس کے باوجود جے آئی ٹی میں پیش نہ ہوئے جس کے بعد تحقیقات میں تعاون نہ کرنے پر وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تعاون نہ کرنے والے رہنماؤں میں وقاص اکرم، حماد اظہر، زلفی بخاری، عون عباس، میاں اسلم، فردوس شمیم، تیمور سلیم اور جبران الیاس کے نام شامل ہیں۔
اسی طرح سابق وزیر اعلی گلگت خالد خورشید، شہباز گل، اظہر مشوانی اور دیگر کے بھی وارنٹ جاری ہوں گے، جے آئی ٹی نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو پیشی کے متعدد نوٹس بھیجے تھے، تمام رہنماؤں کی رہائش گاہوں پر نوٹس کی تعمیل کروائی گئی۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر، شبلی فراز،علیمہ خان سمیت دیگر رہنما جے آئی ٹی میں پیش ہوچکے ہیں، پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف ریاست مخالف پروپیگنڈے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا تحقیقات کے لئے آئی جی اسلام آباد کی سربراہی میں جے آئی ٹی پیکا ایکٹ 2016 کے سیکشن 30 کے تحت تشکیل دی گئی تھی۔