
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے خیبرپختونخوا بارڈر پر واقع سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لکھانی چیک پوسٹ پر 20 سے 25 خوارجی دہشتگرد چاروں اطراف سے حملہ آور ہوئے، حملہ آوروں نے مارٹر گولے، راکٹ لانچرز، سنائپر رائفلز اور دیگر بھاری اسلحہ کا استعمال کیا تاہم پولیس، ایلیٹ فورس اور ایس او یو کے بہادر جوانوں نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیک پوسٹ کا دفاع کیا اور دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔
پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، پولیس کے تمام جوان اس حملے میں محفوظ رہے جو کہ فورس کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
سرحدی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور پولیس ٹیموں کا سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔