صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سزاؤں میں سختی، بھاری جرمانے

(ویب ڈیسک) لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اب سزاؤں میں سختی کر دی گئی۔
ٹریفک حکام کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پوائنٹس بھی کاٹے جائیں گے۔ اگر ڈرائیور کے پوائنٹس 20 تک پہنچ جائیں گے تو ان کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے 500 روپے سے 5000 روپے تک ہوں گے جبکہ 2 سے 6 پوائنٹس کاٹنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
1500 سی سی سے اوپر کی گاڑیوں کو اوور سپیڈنگ پر جرمانہ 10 گنا زیادہ کیا جائے گا، اس کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے جرمانوں میں 5 گنا اضافہ کر دیا گیا ہے، 1500 سی سی سے کم گاڑیوں کے جرمانوں کو ڈبل کیا جائے گا۔
ٹریفک حکام کے مطابق یہ تمام سخت اقدامات حادثات پر قابو پانے کے لئے کئے جا رہے ہیں، جرمانوں میں اضافے کی سمری آئی جی پنجاب کی منظوری کے بعد حکومت کو بھیج دی گئی تھی، حکومت سے منظوری کے بعد نئے پوائنٹس سسٹم اور جرمانے نئے ریٹس پر نافذ کئے جائیں گے۔